Bahadur Kisan Ka Beta Urdu Kahani

بہادر کسان کا بیٹا

اسلام پور گاؤں میں ایک کسان رہتا تھا۔ اس کے دو بچے تھے ۔ایک دن کسان کی بیٹی کھیلتے کھیلتے گم ہوگئی۔ یہ بات پورے گاؤں میں پھیل گئی۔ سب کو معلوم تھا کہ یہ جادو گر کا کام ہے۔ دو دن گزر گئے تھے اور اس کا کچھ پتہ نہ تھا ۔ اگلے روز کسان کا بیٹا کھیتوں کی طرف گیا تو جادو گر نے اسے پکڑ کر قید کردیا۔ وہاں اس نے اپنی بہن کو دیکھا ۔ مریم نے جب اسے دیکھا تو اسے تسلی ہوئی،اس نے بہن کو دلاسہ دیا اور ارگرد کا جائزہ لیا۔ اس نے دیکھا کہ جس جگہ وہ قید ہے، وہ ایک میدان ہے اورا س کے چاروں طرف دیواریں ہیں ۔

کسان کا بیٹا بہادر تھا ،وہ اللہ سے مدد مانگنے لگا اور وہاں سے نکلنے کی ترکیب سوچنے لگا۔ آخر اس کے ذہن میں ایک ترکیب آئی۔جب جادوگرآیا تو اس نے کہا ۔’’ہمیں آزادی چاہئے اگر آزادی نہیں دے سکتےتو میں یہاں کچھ کاشت کرنا چاہتا ہوں، خاص طور پر چاول۔ آپ مجھے سامان لادیں۔ ‘‘

جادوگر نے اسے سامان لادیا ۔ اس نے اللہ کا نام لے کر کام شروع کردیا۔ اس نے چاول دیوار کے ساتھ کاشت کئے کیونکہ اس کی ترکیب کے مطابق چاول کی فصل کو زیادہ پانی چاہئے ہوتا ہے ۔ دیوار کے ساتھ چاول کی فصل میں بہت زیادہ پانی کھڑا رہنے سے دیوار کمزور ہوکر گرجائے گی۔ دیوار گرنے سے ان کو قید سے نجات مل سکتی تھی۔ وہ چاہتا تو کدال سے دیوار کو توڑنے کی کوشش بھی کرسکتا تھا۔ مگروہ جانتا تھا کہ جادوگر کی اس پر نظرہوگی۔ ایسا کرنے سے وہ پکڑا جاتا ۔ کسان کا تو کام ہی یہ ہوتا ہے کہ بیج بو کر کھیت کے پکنے تک وہ صبر کرے۔ کسان کا بیٹا بھی صبر اور محنت سے کام کرتا رہا اور دیوار گرنے کا انتظار کرتا رہا۔ کچھ وقت کے بعد اللہ نے ان کو بھروسا رکھنے پر ان کی محنت کا پھل ان کو دے دیا۔ رات کے کسی پہر دیوار دھڑام سے گر پڑی۔ اس وقت جادو گر اپنے محل میں سورہا تھا۔ دونوں بہن بھائی نے اللہ کا شکر ادا کیا اور وہاں سے بھاگ نکلے ۔

اس طرح ایک کسان کے بیٹےاور اس کی بہن کو آزادی مل گئی اور محنت کا پھل مل گیا۔ گاؤں کے لوگوں نے جادوگر کو پولیس کے حوالے کردیا اور اسے اس کے جرائم کی سزا مل گئی ۔

:اخلاقی سبق

اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مشکل حالات میں گھبرانے کے بجائے صبر، ہمت اور عقل سے کام لینا چاہیے۔ اللہ پر بھروسا رکھنے والا اور محنت کرنے والا آخرکار کامیاب ہو جاتا ہے۔ کسان کے بیٹے نے جلد بازی کے بجائے سمجھ داری سے منصوبہ بنایا اور صبر کے ساتھ عمل کیا، جس کی وجہ سے وہ اور اس کی بہن آزاد ہو گئے۔ ہمیں بھی ہر مشکل میں اللہ سے مدد مانگنی چاہیے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور درست طریقے سے کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

Khatarnaak Jungle Ka Sabaq